پاکستان کی امن کے قیام کی کوششیں: وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدرِ مسعود پزشکیان سے رابط

پاکستان کی امن کے قیام کی کوششیں: وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدرِ مسعود پزشکیان سے رابط

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتِ حال اور امن قائم کرنے کی کوششوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِاعظم آفس کے مطابق گفتگو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں وزیرِاعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، خصوصاً حالیہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حملوں میں 1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جاں بحق افراد کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش بھی ظاہر کی گئی۔وزیرِاعظم نے ایرانی صدر کو آگاہ کیا کہ پاکستان، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں، امریکا، برادر خلیجی ممالک اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ سفارتی رابطے جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ سفارتی کوششوں سے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی مؤثر راہ نکلے گی۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسرائیلی اقدامات کے حوالے سے ایران کا موقف واضح کیا اور مذاکرات و ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔گفتگو کے اختتام پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔