وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اہم ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اہم ملاقات

ویب ڈیسک: چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25ویں سربراہانِ مملکت کونسل اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی۔

 اس ملاقات میں نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے پر مبنی ہیں، جبکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کو ہی واحد راستہ سمجھتا ہے۔ وزیراعظم نے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

واضح رہے کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف عالمی رہنماؤں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔ چینی صدر شی جن پنگ اور خاتون اول نے ان کا انتہائی گرمجوشی سے استقبال کیا، جبکہ اجلاس سے قبل منعقدہ استقبالیہ میں بھی وزیراعظم کو منفرد انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، ملائیشیا کے صدر انور ابراہیم، بیلاروس کے صدر الیکزانڈر لوکاشینکو، آذربائیجان کے صدر الہام علییوف، ترک صدر رجب طیب اردوان، تاجک صدر امام علی رحمان، ترکمانستان کے صدر بردی محمدیوو، کرغستان کے صدر سیدر ژاپاروف، مالدیپ کے صدر محمد معیزو اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقاتیں کیں۔ان تمام ملاقاتوں کے دوران عالمی رہنماؤں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے غیر معمولی گرمجوشی اور احترام کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جو پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔