جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے، 4 جاں بحق، حزب اللہ کے 40 راکٹ داغنے کا دعویٰ

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے، 4 جاں بحق، حزب اللہ کے 40 راکٹ داغنے کا دعویٰ

لبنان کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں اور حزب اللہ کے جوابی حملوں کے باعث سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے، جس میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

لبنانی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقے قدمس سمیت مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے جن کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ان حملوں میں بنت جبیل، محمودیہ، مجدل، قلیلہ، زبقین اور یاطر سمیت متعدد علاقے بھی نشانہ بنے۔ذرائع کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے صیدا کے ضلع میں واقع الببلیہ کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا، جبکہ قلیلہ میں بھی الگ فضائی حملہ کیا گیا، جس سے خطے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل کے علاقوں میٹولا، کفر گیلادی اور کریات شمونا پر راکٹ حملے کیے ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے ایک گھنٹے کے دوران تقریباً 40 راکٹ فائر کیے گئے۔ان حملوں کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے بھی جنوبی لبنان میں جوابی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس سے دونوں جانب سے حملوں اور جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مجموعی طور پر صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور سرحدی علاقوں میں مزید کارروائیوں کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جبکہ مقامی آبادی متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔