وزیرِ اعظم شہباز شریف نے زمین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اس دن کو بھرپور اور پُرعزم انداز میں منا رہا ہے، جو زمین کی ناگزیر اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے تحفظ کی اجتماعی ذمہ داری کا احساس بھی دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمین کے قدرتی وسائل انسانی زندگی کی بقا اور نشوونما کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ نباتات، حیوانات اور مجموعی حیاتیاتی نظام کی افزائش میں زمین مرکزی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے اس کے تحفظ کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔وزیرِ اعظم کے مطابق اس وقت دنیا خصوصاً پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سمیت شدید ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، جو نہ صرف قدرتی وسائل پر دباؤ ڈال رہے ہیں بلکہ موسمی توازن اور معیارِ زندگی کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی موسمی شدت، غیر معمولی بارشیں، گرمی کی لہریں اور دیگر ماحولیاتی تبدیلیاں اس بات کی واضح علامت ہیں کہ زمین کے قدرتی نظام کو تحفظ دینے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زمین کے ماحول اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔