صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں مبینہ طور پر شوہر نے وقت پر کھانا نہ ملنے پر اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کو آگ لگا دی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ خواتین اور بچیاں شدید جھلس گئیں اور فوری طور پر میو ہسپتال منتقل کی گئیں، جہاں وہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کے ساتھ اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔حنا پرویز بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ایسے سفاک شخص کو کسی رعایت کا حق نہیں اور خواتین و بچوں پر تشدد کرنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔