راولپنڈی: 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بد ترین تشدد، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

راولپنڈی: 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بد ترین تشدد، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

راولپنڈی کے تھانہ بنی کے علاقے میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔

 بچی تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ تشدد کا واقعہ 4 سے 5 دن پہلے پیش آیا تھا، لیکن بچی کو اسپتال آج لایا گیا۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث میاں بیوی کو حراست میں لے لیا ہے۔سی پی او سید خالد ہمدانی نے اس واقعے کا نوٹس لیا اور ایس پی راول سے رپورٹ طلب کی، جبکہ ڈی ایس پی وارث خان کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی گارمنٹس کی دکان پر کام کرتی تھی، جہاں اس پر تشدد کیا گیا۔ بچی کے جسم پر سر، ٹخنوں، ٹانگوں اور بازوؤں پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ بچی کے والد کا انتقال ایک ماہ قبل ہو چکا تھا، اور اس کی والدہ عدت میں ہے۔ بچی کی حالت تشویشناک ہے اور علاج جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق بچوں پر تشدد کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے گی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔