متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے پیشِ نظر ابوظہبی اور دبئی میں ہنگامی ٹیمیں تیار کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ چند گھنٹوں میں شدید بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ہونے والی بارش کے بعد ہفتے کے وسط سے بارشوں کا نیا اور طویل سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو اپریل کے ابتدائی ایام تک جاری رہ سکتا ہے۔ اگلے چند روز میں اتوار اور پیر کو جزوی بادل اور گرد آلود ہوائیں متوقع ہیں، جبکہ منگل سے بارش میں اضافہ ہو گا اور بدھ کے روز بارش کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
خصوصی خطرہ شمالی اور مشرقی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے سبب سمندری حالات خراب ہونے کا ہے۔ عرب خلیج میں لہریں بلند ہونے کی وجہ سے ماہی گیروں اور ساحل پر جانے والوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انتظامیہ کی تیاریاں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں، ابوظہبی پولیس نے حالیہ خراب موسم کے دوران ایک لاکھ سترہ ہزار سے زائد رپورٹس پر فوری کارروائی کی ہے تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔