پنجاب بھر میں میٹرک امتحانات، 27 لاکھ سے زائد طلبہ شریک

امتحانی عمل کو شفاف بنانے کیلئے 383 مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے
 کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی
لاہور (آئی این پی )لاہور سمیت پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں 27 لاکھ 96 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق امتحانات کے انعقاد کے لیے صوبے بھر میں 4 ہزار 92 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 247 سینٹرز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔امتحانی عمل کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے کے لیے 383 مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ سکیورٹی اور نگرانی کے لیے 45 ہزار 844 نگران عملہ تعینات کیا گیا ہے۔لاہور شہر میں امتحانات کے پہلے روز عربی، جغرافیہ اور تاریخِ پاکستان کے پرچے لیے گئے ، امتحانات کے انعقاد کے لیے شہر بھر میں 880 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ امیدواروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔حکام کے مطابق امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے 26 مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ تمام امتحانی سنٹرز میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مراکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی