لاہوربورڈ میٹرک امتحانات میں 1 لاکھ سے زائد طلبا فیل کامیابی کا تناسب64.53فیصد

تمام امتحانی نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ ،طلبہ اپنا رزلٹ مخصوص ایس ایم ایس کوڈ اور آفیشل گزٹ کے ذریعے بھی دیکھ سکتے ہیں
  سکھ طالبعلم اونکارسنگھ کی سائنس گروپ بوائز میں دوسری پوزیشن،فیصل آباد میںکامیابی کا مجموعی تناسب 74.69% رہا پشاور میں 10 ہزار طلبہ اسلامیات کے مضمون میں فیل
لاہور،فیصل آباد،پشاور(آئی این پی )لاہورمیں  میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج میں 1 لاکھ 122 طلبا و طالبات فیل قرار پائے تاہم کامیابی کا مجموعی تناسب 64.53 فیصد رہا۔تفصیل کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا  ۔جاری کردہ نتائج کے مطابق رواں سال امتحانات میں کامیابی کا مجموعی تناسب 64.53 فیصد رہا۔امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 82 ہزار 308 طلبہ و طالبات نے شرکت کی ، جس میں 1 لاکھ 82 ہزار 186 امیدوار کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ اس سال 1 لاکھ 122 طلبہ و طالبات امتحانات میں فیل قرار پائے۔لاہور بورڈ کے حکام کے مطابق تمام امتحانی نتائج بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دئیے گئے ہیں۔طلبہ اپنا رزلٹ آفیشل ویب سائٹ کے علاوہ مخصوص ایس ایم ایس کوڈ اور آفیشل گزٹ کے ذریعے بھی دیکھ سکتے ہیں۔لاہور بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے پوزیشن حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔اونکار سنگھ نے میٹرک امتحان میں 1189 نمبر حاصل کرتے ہوئے سائنس گروپ بوائز میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اونکارسنگھ کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں میڈیکل کے شعبے میں داخل ہو کر ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں تاکہ انسانیت کی خدمت کر سکیں۔اونکار سنگھ نے کہا کہ تعلیمی نظام میں اصلاحات کے ذریعے مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے، جبکہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرے۔   انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے، اور وہ اپنی اس کامیابی کو محنت، والدین کی دعاوں اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ سمجھتے ہیں۔   بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے زیراہتمام ہونے والے امتحان میٹرک کلاس دہم و کمپوزٹ (اول) سالانہ 2026ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیاجبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب سے ،74.69% فیصد رہا ہے۔میٹرک کے امتحانات میں 10 ہزار طلبہ اسلامیات کے مضمون میں فیل ہوگئے۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے سالانہ امتحانات 2026کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ نتائج کے مطابق 9 ویں اور 10ویں جماعت میں سب سے زیادہ طلبہ اسلامیات کے مضمون میں ناکام ہوئے ہیں۔نتائج کے مطابق 9 ویں جماعت میں 97 ہزار 950 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 57 ہزار 847 طلبہ دسویں جماعت میں پروموٹ ہوئے۔