میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کا اثر نہ صرف میانمار بلکہ اس کے پڑوسی ممالک پر بھی پڑا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کا مرکز میانمار کے زیرِ زمین 10 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا۔ زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی، جو بہت شدید تھی۔ اس کے بعد 6.4 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا۔میانمار میں آنے والے اس زلزلے کے اثرات اتنے شدید تھے کہ اس نے تقریباً 900 کلومیٹر دور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی فلک بوس عمارتوں کو متاثر کیا۔ بنکاک میں کئی بلند و بالا عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، اور ان عمارتوں کے منہدم ہونے کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔اس زلزلے کے جھٹکے نہ صرف میانمار بلکہ تھائی لینڈ، بنگلہ دیش، بھارت، لاؤس اور چین میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔ بنکاک میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے اور شہر میں میٹرو اور ریل سروسز معطل کر دی گئی ہیں۔
حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔زلزلے کے بعد عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اور سرکاری ادارے اس قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔اس قدرتی آفات کے بعد اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، مگر عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مختلف ممالک کی جانب سے امداد کی پیشکشیں بھی آ رہی ہیں۔