چین میں تباہ کن زلزلہ، کئی عمارتیں گرگئیں، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

چین میں تباہ کن زلزلہ، کئی عمارتیں گرگئیں، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

چین کے جنوب مغربی علاقے گوانگشی میں 5.2 شدت کے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز گوانگشی کے شہر لیوژو کے لیونان ضلع میں تھا جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی تقریباً 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ اچانک آنے کے باعث شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، اور کئی علاقوں میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہو گئی۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے کم از کم 13 عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں جبکہ متعدد رہائشی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی ہیں اور ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق 2 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 4 افراد زخمی ہیں۔ ایک شخص کے لاپتا ہونے کی بھی اطلاع ہے جس کی تلاش جاری ہے۔حکام نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین کے مطابق زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ریسکیو ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے جائزے اور امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔