نماز تراویح میں ختم قرآن کے اجتماعات میں علما نے شب قدر کے فضائل بیان کیے، مساجد پر چراغاں ، سکیورٹی سخت
لاہور( کرائم رپورٹر)ملک بھر میں 27 ویں رمضان المبارک کی نسبت سے شب قدر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، مساجد میں نماز تراویح میں ختم قرآن کے اجتماعات میں علما نے شب قدر کے فضائل بیان کیے، محافل شبینہ و جشن نزول قرآن، صلوۃالتسبیح،قصیدہ بردہ شریف، ختم درود شریف اور اللہ تعالی ٰکے حضو رعالم اسلام، پاکستان کی سلامتی ، امن و امان کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر مساجد پر چراغاں کیا گیا۔مسجدوں میں درس قرآن اور سیرت النبی ٓکے موضوع پر خطابات ہوئے۔ لاہور پولیس کی جانب سے شب قدر کے موقع پر سپیشل سیکورٹی انتظامات عمل میں لائے گئے۔ شہر بھرکی 5059 مساجد پر نمازیوں کی حفاظت پر پولیس جوان و رضا کار تعینات کئے گئے۔ ستائیسویں رمضان کی مناسبت سے مساجد میں بڑے اجتماعات کے پیش نظر اضافی سیکورٹی تعینات کی گئی۔ مجموعی طور پر پانچ ہزار سے زائد پولیس جوان ڈیوٹی پر ماموررہے۔ کیٹیگری اے 218، بی میں 776جبکہ کیٹیگری سی میں 4065مساجد کو شامل کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کی ہدایت پرسپروائزری افسران فیلڈ میں موجود رہے اور مساجد کی سکیورٹی چیک کرتے رہے۔ بڑے اجتماعات پر سکیورٹی مزید موثر بنانے کیلئے سنائپرز بھی تعینات کئے گئے۔ شہر کے داخلی وخارجی راستوں، اہم شاہراؤں پر بھی سکیورٹی بڑھائی گئی جبکہ ناکہ جات پر گاڑیوں کی مکمل چیکنگ یقینی بنایاگیا۔ موٹر سائیکل وگاڑیوں کو مساجد سے مناسب فاصلہ پر پارک کروایا گیاجبکہ ڈولفن، پی آریو ودیگر پٹرولنگ یونٹس کی مساجد کے اطراف مسلسل گشت جاری رہیں۔