امن کے فروغ کیلئے سعودی عرب اور امریکی انتظامیہ کا کردار قابل تعریف ہے عاصم افتخار

 پاکستان نے ابتداء سے مذاکرات اور سفارت کاری، فوری جنگ بندی اور پرامن حل کی حمایت کی ہے ،موقف اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مبنی ہے
 امید  ہے  تمام فریقین اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے نبھائیں گے:پاکستان کے  مستقل مندوب  کا  سلامتی کونسل   اجلاس میں پالیسی بیان 
  نیویارک(آئی این پی  )پاکستان نے  یوکرین تنازع کے خاتمے کیلئے  حال ہی میں طے پانے والے محدود جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے، جس کے تحت توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے ممنوع قرار دئیے گئے ہیں اور بحیرہ اسود میں محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنایا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں یوکرین کی انسانی صورتحال پر پاکستان کا پالیسی بیان دیتے ہوئے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے نامزد مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اس معاہدے کو ممکن بنانے میں امریکی انتظامیہ اور اس کی قیادت کی فعال شمولیت کو سراہا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پرامید ہیں کہ یہ نیا مثبت رجحان اور ابتدائی اقدامات سے پیدا ہونے والی رفتار بالآخر ایک جامع اور مستقل جنگ بندی کی راہ ہموار کرے گی۔سفیر عاصم افتخار احمد نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے نبھائیں گے اور امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور اس کی قیادت کے کردار کی تعریف کی۔یوکرین کے تنازع پر پاکستان کے مستقل موقف کا اعادہ کرتے ہوئے، انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نے ابتدا ہی سے مذاکرات اور سفارت کاری، فوری جنگ بندی اور پرامن حل کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تنازع کے مرکز میں موجود سیکیورٹی خدشات کو صرف ایک جامع حکمت عملی کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، جو وسیع تر خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کو یقینی بنائے‘ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کا موقف اس اور دیگر تنازعات پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مبنی ہے۔