وزیراعلیٰ مریم نواز کی صدارت میں اجلاس‘ معدنیات کے خزانے کی سرویلنس موثر بنانے کا حکم،لوکل اور فارن انویسٹر کیلئے قابل عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کو30ستمبر تک صوبے میںفنکشنل کرنے کا ہدف دے دیا‘لاہور میں مئی میں کام شروع کرے گی
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملکی صورتحال، قیام امن اور صوبائی ترقیاتی پراجیکٹس پر بھی بات چیت ہوئی۔سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ویڑن کو سراہا۔مریم نواز کا دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں نوجوانوں کو تعلیم، آئی ٹی ٹریننگ، انٹرشپس اور روزگار کی سہولتوں سے ایمپاور کیا جا رہا ہے، صحت کا شعبہ اور قیام امن پہلی ترجیحات میں شامل ہے۔انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صحت اور تعلیم کے شعبہ میں انقلابی پراجیکٹس متعارف کرائے ہیں، پاکستان میں ویمن ایمپاورمنٹ کی زندہ مثال ہیں، سابق وزیراعظم نے پنجاب میں شعبہ صحت میں جاری اصلاحات کو بھی سراہا۔دریں اثنائزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لوکل اورفارن انویسٹر کے لئے آسان اورقابل عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی اور معدنیات کے خزانے کی سرویلنس موثر بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ کا جا ئزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں راک سالٹ سے ویلیو ایڈڈمصنوعات کیلئے سپیشل اکنامک زون کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پلسر گولڈاورآئرن سے متعلق جامع بزنس پلان طلب کرلیا ہے۔اجلاس میںقائدآباد میں سپیشل اکنامک زون کو 10 سال کے لئے ٹیکس فری قرار دینے کا بھی جائزہ لیاگیا۔قائد آبادسپیشل اکنامک زون میں بنیادی انفراسٹرکچر بھی فراہم کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف کے زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی(پیرا) کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر اہتمام ٹریننگ ونگ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کو 30ستمبر تک صوبہ بھر میں فنکشنل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت صوبہ بھر میں انفورسمنٹ سٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی مئی میں لاہورڈویژن میں فنکشنل ہوگی۔