نامعلوم افراد نے مسافروں کو بس سے اتارنے کے بعد فائرنگ کردی‘تمام افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے‘ ایک شخص کا تعلق ملتان سے تھا
دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں: صدر ‘شرپسند عناصر کے ملک دشمن عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے:وزیراعظم
گوادر (ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ بلوچستان کے علاقہ گوادرمیں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گوادر کے علاقے کلمت میں نامعلوم مسلح افراد نے بس میں سوار مسافروں کا اتار کر ان پر فائرنگ کی جس میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو ئے اور ایک زخمی نے دوران علاج دم توڑ دیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے جس میں سے ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے‘ دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ جاری بیان کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کی دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی گوادر کے علاقے کلمت میں مسافروں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں۔وزیرِ اعظم نے واقعے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین اور قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے‘علاوہ ازیں کوئٹہ میں بڑیچ مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا ، دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، دھماکے میں 21 افراد بھی زخمی ہوئے جنھیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 4 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق دھماکا سڑک کنارے ہوا، سیکیورٹی فورسز کی گاڑی گزر رہی تھی۔