کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے کے قریب دھما کے کے نتیجے میںایک شخص جاں بحق اور10 زخمی ہو گئے ۔پولیس حکام کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے کے قریب دھماکا سریاب روڈ پر ہوا۔پولیس کے مطابق دھماکے میں رکن صوبائی اسمبلی محفوظ رہے ۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح کی خوشی میں ہاکی گراؤنڈ میں جشن فتح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شرکت کے لیے علی مدد جتک ریلی کی صورت میں آرہے تھے۔دھما کے کے بعد ہاکی گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب کی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ڈی ایس پی سریاب آصف غفور نے بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رکنِ اسمبلی علی مدد جتک کے قافلے پر دستی بموں سے حملہ اور فائرنگ کی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ منیر مینگل چوک کے قریب پیش آیا، حملے میں علی مدد جتک محفوظ رہے، تاہم ان کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔