یوکرین کے جنوبی بندرگاہی شہر اوڈیسا پر روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے ہیں، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق، رات گئے ہونے والے اس حملے میں رہائشی عمارتیں شدید متاثر ہوئیں، جس کے باعث کئی شہری ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔اوڈیسا، جو کہ بحیرہ اسود کے کنارے واقع ہے، روسی حملوں کا اکثر نشانہ بنتا رہا ہے، خاص طور پر ڈرون اور میزائل حملوں کی صورت میں۔دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کے مشرقی علاقے ڈونٹسک ریجن کے گاؤں Chervona Zirka پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت ڈونباس کے محاذ پر روسی افواج کی تازہ ترین کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مشرقی یوکرین کا علاقہ ڈونٹسک طویل عرصے سے شدید جنگ کی لپیٹ میں ہے، اور یہاں روس اور یوکرین کی افواج کے درمیان قبضے کی جنگ جاری ہے۔حالیہ دنوں میں روس نے یوکرین کے انفراسٹرکچر، خاص طور پر بندرگاہوں اور توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانا تیز کر دیا ہے، جبکہ یوکرین نے بھی ڈرون حملوں کے ذریعے روسی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ جنگ میں شدت ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن رہی ہے۔