یوکرین کے شہر پاولوہراڈ میں روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوگئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روسی ڈرون نے دن کے وقت ڈنیپروپیٹرووسک کے علاقے میں واقع ایک شاپنگ سینٹر کو نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت سڑکوں پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ واقعے میں متعدد دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔یوکرین کے وزیر داخلہ ایوان ویہیووسکی نے بتایا کہ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب شہر میں معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں اور سڑکیں لوگوں سے بھری ہوئی تھیں۔یوکرینی میڈیا کے مطابق رواں ہفتے زاپوریژیا اور سومی میں واقع مزید دو شاپنگ سینٹرز بھی روسی فضائی حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔دوسری جانب روس نے دعویٰ کیا ہے کہ بدھ کی شب سیاحتی شہر سوچی پر یوکرین کی جانب سے سمندری ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 28 افراد زخمی ہوئے، جبکہ یوکرینی حملوں میں مزید 3 افراد کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔
روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو ساڑھے چار سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امن کوششوں کے لیے بھیجے گئے نمائندوں کی حالیہ سفارتی سرگرمیاں تاحال کسی بڑے عملی نتیجے کا باعث نہیں بن سکیں۔ امریکی نمائندوں نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور کیف میں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے مذاکرات کیے ہیں۔یوکرین کی اسٹیٹ ایمرجنسی سروس کی جانب سے جاری تصاویر میں پاولوہراڈ کی ایک سڑک پر جلتی ہوئی گاڑیوں سے اٹھتے دھویں کے درمیان فائر فائٹرز کو آگ بجھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔