غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ نہ تھم سکا، آج صبح سے اب تک مزید 21 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔
عرب میڈیا اور غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق، جنوبی علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج نے امدادی پوائنٹس پر موجود شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ یہ افراد راشن اور طبی امداد کے منتظر تھے۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین (UNRWA) نے بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حمایت میں قائم کیے گئے امدادی پوائنٹس درحقیقت فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا ذریعہ بن چکے ہیں۔دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر شہداء کی تعداد 56 ہزار 331 تک جا پہنچی ہے جبکہ 1 لاکھ 32 ہزار 632 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ میں اس وقت شدید انسانی بحران جاری ہے، جہاں نہ صرف خوراک، پانی اور ادویات کی قلت ہے بلکہ اسرائیلی بمباری نے اسپتال، اسکول اور رہائشی علاقوں کو بھی ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔بین الاقوامی برادری کی خاموشی اور موثر اقدامات کے فقدان پر انسانی حقوق کی تنظیمیں شدید مذمت کر رہی ہیں اور فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔