غزہ میں اسرائیلی بمباری جاری، امداد کے منتظر 30 افراد سمیت 93 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی بمباری جاری، امداد کے منتظر 30 افراد سمیت 93 فلسطینی شہید

اسرائیل کی غزہ پر جاری وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 93 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

 الجزیرہ اور مقامی طبی ذرائع کے مطابق، شہداء میں 30 افراد وہ تھے جو خوراک کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔غزہ کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ صرف آج صبح سے اب تک 18 مزید افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں اور گولہ باری کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی۔شدید بمباری اور انسانی بحران کے باوجود عالمی ادارے زخمیوں کی مدد کے لیے متحرک ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسف (UNICEF) کے تعاون سے بچوں کی ویکسین اور ضروری طبی ساز و سامان سے بھرپور ایک امدادی قافلہ غزہ کے اسپتالوں کی جانب روانہ ہو چکا ہے۔

یہ قافلہ صرف طبی ضروریات کے لیے مختص ہے اور اس میں خوراک شامل نہیں ہے۔ وزارتِ صحت نے تمام متعلقہ اداروں اور فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قافلے کی حفاظت یقینی بنائی جائے تاکہ امداد بروقت اور محفوظ انداز میں متاثرین تک پہنچ سکے۔اسرائیلی بمباری سے تباہ حال غزہ میں شدید انسانی بحران جنم لے چکا ہے، جہاں طبی سہولیات، خوراک، پانی اور بجلی کی قلت سنگین ہو چکی ہے۔