سانحہ سوات: تجاوزات کے خاتمے سمیت ہنگامی اقدامات کا فیصلہ

سانحہ سوات: تجاوزات کے خاتمے سمیت ہنگامی اقدامات کا فیصلہ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ترجمان فراز احمد مغل نے سانحہ سوات کے تناظر میں حکومت کی جانب سے فوری اور سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

 ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو صرف 3 دنوں میں تمام تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔سوات میں چیف سیکریٹری کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن میں صوبائی وزرا، اراکینِ اسمبلی، ترجمان وزیراعلیٰ اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلے:
حادثے کے وقت پولیس کی عدم موجودگی پر چیف سیکریٹری نے ایس پی سے وضاحت طلب کر لی۔
ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ۔
دریا کنارے قانونی و غیرقانونی مٹی نکالنے کی سرگرمیاں فوری بند کرنے کا حکم۔
بغیر اجازت تعمیر شدہ ہوٹلز کو فوری طور پر ختم کر کے ان کی مستقل رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت۔
ڈرونز خریدنے کا فیصلہ تاکہ سیلابی صورتحال میں لائف جیکٹس اور رسیوں کی ترسیل ممکن بنائی جا سکے۔
دریائے سوات سمیت مختلف مقامات پر بلا تفریق تجاوزات ختم کرنے کا اعلان۔
دریا کنارے بیریئرز نصب کرنے اور سیاحتی مقامات پر روزانہ گشت بڑھانے کی ہدایت۔
ضلعی انتظامیہ کو 3 دن میں تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کا حکم۔
ترجمان وزیراعلیٰ کا مؤقف:
فراز احمد مغل کے مطابق سانحہ سوات کی انکوائری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دریائے سوات کے کنارے تجاوزات کے خلاف بھرپور اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حکومت مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچاؤ کے لیے سخت حکمت عملی اپنانے جا رہی ہے۔