سندھ طاس کیس: عالمی عدالت کا پاکستان کے حق میں فیصلہ، بھارت کے اعتراضات مسترد : شازیہ مری

سندھ طاس کیس: عالمی عدالت کا پاکستان کے حق میں فیصلہ، بھارت کے اعتراضات مسترد : شازیہ مری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق مستقل ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کو پاکستان کی "قانونی فتح" قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عالمی عدالت نے بھارت کے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔

شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان کے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی ہمیشہ سے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ انہوں نے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاول نے انڈس واٹر پر عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا اور پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں عالمی برادری کے سامنے رکھا۔انہوں نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کوئی بھی ملک، بشمول بھارت، کسی بین الاقوامی معاہدے کو انفرادی طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے غیر حاضری کے باوجود عدالت نے کارروائی جاری رکھی اور پاکستان کا مؤقف درست ثابت ہوا۔

شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی یہ یقین دہانی کراتی ہے کہ پاکستان کے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور بھارت کو بین الاقوامی قوانین سے راہ فرار اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ مستقل ثالثی عدالت (PCA) نے حالیہ فیصلے میں پاکستان کی جانب سے دائر کردہ مقدمے میں بھارت کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے یہ قرار دیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت جاری ثالثی کی کارروائی کو یکطرفہ طور پر روکنے کا مجاز نہیں ہے۔