پاکستان خاموش نہیں رہے گا، بھارت اپنی غلط فہمی دور کرے: شازیہ مری

پاکستان خاموش نہیں رہے گا، بھارت اپنی غلط فہمی دور کرے: شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے بھارت کے جارحانہ رویے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ پاکستان خاموش رہے گا۔

 انہوں نے کہا کہ خطے میں بھارت نے ہمیشہ غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے اور اب تو بھارت کو پاکستان فوبیا ہو چکا ہے۔اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ بھارتی حکومت کم عقلی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں، جہاں ظلم اور بربریت اپنے عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو واقعہ وہاں پیش آیا، پاکستان نے اس کی شدید مذمت کی، مگر بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام عائد کرنا بھارت کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ "ایسا لگتا ہے جیسے مودی سرکار پہلے سے ہی الزام لگانے کے لیے تیار بیٹھی تھی،" شازیہ مری نے کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک اور ایٹمی طاقت ہے، جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔ شازیہ مری نے بھارتی میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا میں کہیں صحافت کا معیار نظر نہیں آتا، بلکہ وہاں صرف سنسنی پھیلائی جا رہی ہے۔

شازیہ مری نے الزام عائد کیا کہ مودی سرکار اپنی ناکامیوں اور اندرونی کمزوریوں کو چھپانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لیے کوششیں کی ہیں اور بلاول بھٹو زرداری کے دورِ وزارتِ خارجہ میں بھی پاکستان نے مثبت طرزِ عمل اپنایا تھا، مگر بھارت کا رویہ تب بھی معاندانہ رہا۔پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ پاکستان ایک ذمے دار ملک ہے اور آئندہ بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا رہے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کشمیر میں جاری ظلم کے خلاف پاکستان کی آواز ہمیشہ بلند ہوتی رہے گی۔