اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے دفاع، سفارتکاری اور عالمی میڈیا میں بھرپور پزیرائی حاصل کی ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں شازیہ مری کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی مؤثر سفارتکاری نے نہ صرف دشمن کو جواب دیا بلکہ دنیا کو پاکستان کے مؤقف اور اصولی پالیسی سے بھی آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ دوست ممالک نے بھی اس موقع پر پاکستان کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔شازیہ مری نے کہا کہ دنیا پاکستان کی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں کو سراہ رہی ہے اور یہ واضح ہو چکا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست ہے جو ہمیشہ امن، مذاکرات اور خطے میں استحکام کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی تعاون سے جنگ بندی ممکن ہوئی اور خطہ ایک سنگین بحران سے بچ گیا، جو پاکستان کی سفارتی کامیابی کا ثبوت ہے۔
پیپلز پارٹی کی ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر پوری قوم متحد ہے، ہم نہ صرف چوکنا ہیں بلکہ اپنے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار اور پُرعزم بھی ہیں۔انہوں نے بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے انتہائی غیرذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور افسوسناک کردار ادا کیا، جو کسی طور بھی ایک مہذب میڈیا کے شایانِ شان نہیں۔