بارشیں ،حادثات میں باپ بیٹے سمیت 11افراد جاں بحق

علی پور چٹھہ میں چھت گرنے سیسیف اوراویس،پتوکی میں 2بھائی چل بسے
کراچی میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 7 افراد زندگی کی بازی ہارگئے
علی پورچٹھہ،پتوکی ،کراچی (خصوصی رپورٹ)موسلا دھار بارش سے گھرکی چھت اوردیوار گرنے سمیت دیگر حادثات میں باپ بیٹے اوردوبھائیوں سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے۔صوبہ پنجاب کے شہر علی پور چٹھہ کے نواحی گاؤں سید نگرکا55سالہ محنت کش سیف منہاس گھر میں سو رہا تھا کہ موسلا دھار بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی جس سے وہ اور اس کا 13 سالہ بیٹا اویس موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3افراد زخمی ہوئے۔ پتوکی کے نواحی گاؤں کوٹ رانجھا ہنجرائے کلاں میں بارش کے باعث گھر کی دیوار گر گئی،جس کے تلے دب کر 2بچے 10سالہ سجاد اور آٹھ سالہ سفیان جاں بحق ہوگئے جبکہ آٹھ سالہ ریاض زخمی ہوگیا۔صوبہ سند ھ کے دارالحکومت کراچی میں مون سون کی پہلی بارش کے دوران مختلف حادثات میں 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہلاکتیں ٹریفک حادثات، کرنٹ لگنے، دیوار گرنے اور ندی میں ڈوبنے کے باعث ہوئیں۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے پنجاب میں 3دن کے دوران بارشوں اور آندھی کے دوران حادثات سے 11 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 35 زخمی ہوئے، کئی مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔