ریسکیو ٹیموں نے تینوں حادثات کے زخمی ہسپتال منتقل کردیئے،امداد جاری
اوکاڑہ،گیمبر کینٹ(خصوصی رپورٹ) تیزرفتاری اور شدید دھند کے باعث 3 مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 11 افراد شدید زخمی ہوگئے،ریسکیو ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ اڈا طبروق کے پاس تیز رفتاری اور لاپروائی کے مسافر بس، رکشہ اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم ہوگیا ،جس کے نتیجے میں 45 سالہ محمد اسلم،30 سالہ عبداللہ سمیت 4افراد شدید زخمی ہوگئے،دوسرا حادثہ پل جوڑیاں نہر کے قریب پیش آیا جہاں مزدا ٹرک،ٹریکٹر ٹرالی مسافر بس اور کار میں تصادم ہوگیا،جس کے نتیجے میں 60 سالہ سکینہ،32 سالہ مہوش،58 سالہ جاوید،40 سالہ جمیل،25 سالہ یاسر اور 20 سالہ حیدر شدید زخمی ہوگئے،تیسرا حادثہ پیر دی ہٹی کے قریب پیش آیا،جہاں تیز رفتار مسافر وین بے قابو ہوکر الٹ گئی، جس کے نتیجہ میں وین میں سوار ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی ،باقی مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔حادثات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثات پر پہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا،عینی شاہدین کے مطابق حادثات تیز رفتاری اور دھند کے باعث پیش آئے،ہسپتالوں میں موجود ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔