موٹر سائیکل سوارجمیل اور ذکا جی ٹی روڈ پر بس تلے آکر کچلے گئے
شیخوپورہ روڈ پر موٹر سائیکلوں میں تصادم ،شرافت ٹینکر تلے آگیا
مریدکے،کالاشاہ کاکو(خصوصی رپورٹ)دو ٹریفک حادثات میں باپ بیٹا سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ تیزرفتاربس نے مریدکے جی ٹی روڈ پرداؤکے نہر کے قریب مساجد کی تعمیر کیلئے فنڈزجمع کرنیوالے ٹی ایچ کیو ہسپتال کالونی کے رہائشی موٹر سائیکل سوار باپ بیٹے کو کچل ڈالا، حادثے میں 45سالہ باپ جمیل الرحمن موقع پر جبکہ 18سالہ بیٹا ذکاالرحمن ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ باپ بیٹا سادھوکے جارہے تھے، ڈرائیور بس سمیت فرار ہوگیا۔مریدکے شیخوپورہ روڈ پر سیکھم کے قریب دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرائیں اور ایک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد قریب سے گزرنے والے آئل ٹینکر کے نیچے آکر کچلے گئے جس سے 50 سالہ شرافت جاں بحق جبکہ اسلم سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرکے جاں بحق افراد کی لاشیں ورثاکے حوالے کردیں۔