سبی میں گرلز کالج کے قریب پولیس اہلکاروں پر دستی بم حملے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر زخمی، ضلع کیچ میں نامعلوم سمت سے داغا گیا مارٹر گولہ گھر پر گر گیا
ایک گھر پر پھینکا گیا دستی بم پھٹنے سے دو خواتین معمولی زخمی ‘مستونگ میں بھی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس پر دستی بم سے حملہ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
کوئٹہ (آئی ا ین پی )بلوچستان میں شدت پسندوں کی پولیس تھانے سمیت کئی سرکاری عمارتوں پر حملوں اور دستی بم کے دھماکوں میں ایک 12سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جبکہ چار پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 11افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک میں نامعلوم شدت پسندوں نے پولیس تھانے سمیت کئی سرکاری عمارتوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوگئے ۔مقامی پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ سے تقریبا 300 کلومیٹر دور واشک کے ضلعی ہیڈ کوارٹر بسیمہ میں دو درجن سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار تقریبا 50 حملہ آور پیر اور منگل کی درمیانی شب داخل ہوئے اور پولیس تھانے، جوڈیشل کمپلیکس اور دیگر سرکاری عمارتوں پر حملہ کر دیا۔اس دوران شہر میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں بھی آتی رہیں۔حملہ آوروں نے جوڈیشل کمپلیکس کی عمارت، پولیس کی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جبکہ ایک شخص کے گھر میں گھس کر ان کی گاڑی اور موٹر سائیکل بھی لے گئے۔مسلح افراد نے سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر بھی راکٹ کے گولے داغے جن میں سے ایک گولہ عبدالقادر نامی شخص کے گھر میں گر کر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے اس کی بیٹی اور بیٹا زخمی ہوگئے۔فائرنگ کی زد میں آکر دو ٹرک ڈرائیور بھی زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس تھانے پر حملہ کیا جس پر پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین پولیس اہلکار امداد اللہ، امین اللہ اور نذیر احمد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو بسیمہ کے سرکاری ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔