رجسٹریشن15منظور شدہ بینکوں میں 9جولائی تک ہوگی،کوئی فیس نہیں رکھی گئی،شرائط و ضوابط پالیسی کی صورت میں جاری ہونگے
اسلام آباد( خصوصی رپورٹ)وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کیلئے عازمین کی لازمی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ،مفت رجسٹریشن 9 جولائی 2025 تک جاری رہے گی،اس کیلئے کوئی فیس نہیں رکھی گئی۔ترجمان کے مطابق آئندہ سال حج پر جانے کے خواہشمند افراد کیلئے قبل از وقت رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے، خواہ وہ سرکاری حج سکیم کا انتخاب کریں یا نجی سکیم کا، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی حج میں اپنی شرکت یقینی بنانے کیلئے رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ رجسٹریشن ملک بھر میں موجود 15 منظور شدہ بینکوں کے ذریعے کی جا سکتی ہے، جہاں خواہشمند افراد اپنا اندراج مکمل کر کے بعد میں سرکاری یا نجی سکیم کا انتخاب کر سکیں گے۔رجسٹریشن کا یہ عمل حکومتِ سعودی عرب کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے تاکہ ابتدائی اعداد و شمار کی بنیاد پر سعودی حکام کو حج کوٹہ سے متعلق آگاہ کیا جا سکے اور حتمی پالیسی اسی ڈیٹا کی بنیاد پر مرتب کی جا سکے۔وزارت مذہبی امور کاکہناہے کہ حج 2026 کے مکمل اخراجات، سہولیات اور شرائط و ضوابط بعد میں علیحدہ سے حج پالیسی کی صورت میں جاری کئے جائیں گے۔