ییلو لائن بس کا ابتدائی ڈیزائن تیار

ٹھوکر تا ہربنس پورہ بسوں کی خصوصی لین سڑک کے انتہائی دائیں طرف مختص کی جائے گی 
ہر سٹیشن تک رسائی کیلئے انڈر گرا ئونڈ سب ویز،نہر کے اوپر پل ، کینال روڈ پر نیا انڈر پاس بھی تعمیر کیا جائے گا 
لاہور (کرائم رپورٹر ) مریم نواز کے دور حکومت میں لاہور کی پہلی ماس ٹرانزٹ ‘‘ییلو لائن’’ کا ابتدائی ڈیزائن تیار کر لیا گیا ۔ کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک چلنے والی اس بس سروس کا روٹ، سٹاپس، لین، سب وے اور پلوں کی تفصیلات منظرعام پر آ گئیں ۔ تفصیل کے مطابق لاہور میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے حوالے سے ایک اور بڑا قدم اٹھا لیا گیا۔پنجاب حکومت نے ییلو لائن بس منصوبے کا ابتدائی ڈیزائن فائنل کر لیا۔یہ منصوبہ مریم نواز حکومت کے ماس ٹرانزٹ وڑن کا پہلا عملی خاکہ ہے،جو کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک تعمیر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بسوں کی خصوصی لین سڑک کے انتہائی دائیں طرف مختص کی گئی ہے تاکہ عام ٹریفک متاثر نہ ہو اور بس سروس بلارکاوٹ چل سکے۔بس سٹیشنز نہر کے دونوں کناروں پر تعمیر ہوں گے،جہاں سے مسافر محفوظ طریقے سے بس میں سوار ہو سکیں گے۔ہر سٹیشن تک رسائی کیلئے انڈر گرا ئونڈ سب ویز تعمیر کئے جائیں گے جو کینال روڈ کے دونوں طرف سے سٹیشنز تک براہ راست پہنچائیں گے۔مزید یہ کہ نہر کے اوپر پل بھی بنائے جائیں گے،جن سے گزر کر مسافر سڑک کی ایک سمت سے دوسری سمت کے سٹیشن تک جا سکیں گے۔کینال روڈ پر ایک نیا انڈر پاس بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک اور مسافروں دونوں کیلئے علیحدہ راستے بنائے جا سکیں۔ہر سٹیشن پر بس بے، انتظار گاہ، مسافروں کے بیٹھنے کی جگہ اور انفارمیشن ڈسپلے موجود ہوں گے تاکہ شہریوں کو عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جا سکے۔لاہور میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلاب لانے کے اس منصوبے کو آئندہ مالی سال میں شروع کیا جائے گا۔