24 کلومیٹر طویل ٹریک پر 18 سمارٹ سٹیشنز تعمیر کئے جائیں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)کینال روڈ پر جدید ییلو لائن ٹرین منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے منصوبہ مئی 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔کینال روڈ پر 24 کلومیٹر طویل ییلو لائن ٹرین منصوبے کو مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وزیر ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی ہے کہ منصوبہ مئی 2026 تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ کے مطابق ییلولائن اے آر ٹی ٹرین سسٹم ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ محکمہ جات کو نو ماہ کے اندر تعمیراتی کام مکمل کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ منصوبے پر باقاعدہ تعمیراتی سرگرمیاں اگست 2025 میں شروع کی جائیں گی۔ییلو لائن کو ابوظہبی اے آر ٹی ماڈل پر تیار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت یہ ٹرین کینال روڈ کے دونوں اطراف بائیں لین میں چلائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں یلو لائن کو ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک مکمل کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں جلو تک کینال روڈ کی توسیع کے بعد منصوبے میں توسیع کی جائے گی۔منصوبے کے تحت ییلولائن کے لیے 24 کلومیٹر طویل ٹریک پر 18 سمارٹ سٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ تمام سٹیشنز زمینی سطح پر بنائے جائیں گے، کوئی بھی سٹیشن زیر زمین نہیں ہوگا۔منصوبے کا تخمینہ لاگت 65 ارب روپے لگایا گیا ہے۔