کراچی سرکلر ریلوے اور کراچی تا سکھر ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر بھی کام جاری ہے، وزیر ٹرانسپورٹ
کراچی(آئی این پی)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ یلو لائن بی آر ٹی کراچی کا ایک اسٹریٹیجک اور وژنری منصوبہ ہے جس کا مقصد عوام کو تیز، سستی اور محفوظ سفری سہولت دینا ہے۔عالمی بینک کے اعلی سطحی وفد نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے سائٹ آفس اور جام صادق پل کے قریب جاری تعمیراتی کام کا دورہ کیا، اس موقع پر شرجیل میمن نے وفد کو یلو لائن بی آر ٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ شاہراہِ نورجہاں سے کورنگی انڈسٹریل ایریا اور لانڈھی تک محیط ہوگا جس سے روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یلو لائن نہ صرف شہریوں کی نقل و حرکت کو بہتر بنائے گی بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گی، ہم چاہتے ہیں کہ منصوبہ عالمی معیار کے مطابق مکمل ہو، اس میں سہولتوں کو عالمی شہروں جیسا بنایا جا رہا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یلو لائن بی آر ٹی میں صرف الیکٹرک بسیں چلیں تاکہ یہ منصوبہ مکمل طور پر ماحول دوست ہو۔