ویسٹ انڈیز کو 159 رنز سے شکست، آسٹریلیا کو سیریز میں برتری حاصل

ویسٹ انڈیز کو 159 رنز سے شکست، آسٹریلیا کو سیریز میں برتری حاصل

ویب ڈیسک: آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 159 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

میچ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز کو 301 رنز کا ہدف دیا گیا، تاہم پوری ٹیم صرف 141 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل وُڈ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 43 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ اسپنر نیتھن لیون نے آخری دو وکٹیں حاصل کیں اور فتح پر مہر ثبت کر دی۔آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 310 رنز بنائے، جس میں ٹریوس ہیڈ (61)، بیو ویب اسٹر (63) اور ایلکس کیری (65) نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمر جوزف نے 5 وکٹیں لے کر مجموعی طور پر میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں، تاہم ناقص فیلڈنگ ان کی کارکردگی پر بھاری پڑ گئی۔

دوسری اننگز میں شائی ہوپ (30)، جسٹن گریوز (38)* اور شمر جوزف (44) کی کوششوں کے باوجود ویسٹ انڈیز بڑا ہدف حاصل نہ کر سکی۔پہلی اننگز میں آسٹریلیا 180 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی، جبکہ ویسٹ انڈیز نے 190 رنز بنائے تھے، تاہم دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے بلے بازوں نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3 جولائی سے سینٹ جارج میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 12 جولائی سے شیڈول ہے۔