دریا کنارے ناشتہ کررہے تھے‘اچانک سیلاب آگیا‘میرے خاندان کی 4 خواتین اور 6 بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے:عدنان
تمام افراد ٹیلے پر کھڑے امداد کیلئے پکارتے رہے‘مقامی لوگوں نے 3افراد کو بچا لیا‘پاک فوج سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہنچ گئی
پشاور، سوات،اسلام آباد(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقے سوات میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، ایک ہی خاندان کے 10 افراد سمیت 78 افراد بہہ گئے، 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 60 افراد کو بچا لیا گیا ۔ ڈسکہ سے سیر کے لیے جانے والے شہری عدنان نے بتایا میرے خاندان کی 4 خواتین اور 6 بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے جبکہ ہمارے علاوہ بھی 3 افراد دریا برد ہو گئے، صبح ناشتے کے لیے دریائے سوات کے کنارے موجود تھے کہ اچانک سیلاب آ گیا۔دریں اثناوزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی ریلے میں سیاحوں کی اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی جلد تلاش مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے انتظامیہ و ریسکیو اداروں کو دریاںڈ و ندی نالوں کے قریبی حفاظتی تدابیر مزید مربوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سیلابی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سیاحوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے، انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو تیز بارش کے باعث دریائے سوات کنارے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے تھا۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر فلڈ سیل قائم کر دیا گیا‘پاک فوج سوات میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہنچ گئی ۔