دریائے راوی میں گرنے والا نوجوان ریسکیو ٹیم نے بچا لیا

غازی آباد (خصوصی رپورٹ) دریائے راوی کے کنارے ہاتھ دھوتے ہوئے پائوں پھسلنے سے پانی میں گرنے والے نوجوان کو ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت نکال لیا۔تفصیلات کے مطابق نوجوان دریائے راوی کے کنارے ہاتھ دھو رہا تھا کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دریا میں جا گرا۔ نوجوان کو معمولی تیراکی آتی تھی، جس کی مدد سے وہ پانی کے بہائو کے ساتھ کنارے تک پہنچنے کی کوشش کرتا رہا تاہم تھکن کے باعث مشکلات کا شکار ہوگیا۔واقعہ دیکھنے والے شہریوں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جس پر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے نوجوان کو بحفاظت دریا سے نکال لیا۔ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریا، نہروں اور گہرے پانی کے مقامات پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔