لاہور(یواین پی)لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے چیف منسٹر کا کام نہیں وہ ہر کام کو دیکھے کام ہو رہا ہے یا نہیں، یہ چیک محکمے نے کرنا ہے،سماعت کے دوران عدالت نے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے ریمارکس دئیے آپ کو 250 موٹر سائیکلیں دی گئیں مگر وہ سڑکوں پر نظر کیوں نہیں آ رہیں؟ ٹیمیں کہاں ہیں؟۔جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے فصلوں کی باقیات جلانے پر کم جرمانے عائد کرنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران عدالت نے آئندہ سماعت پر نیسپاک کے سربراہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔عدالت نے محکمہ ماحولیات سے ٹیموں کی تعیناتی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فصلوں کی باقیات جلانے کے معاملے پر کم جرمانہ کرنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔