چیف منسٹر ڈائیلسزپروگرام کارڈکی منظوری ‘ہر مریض 10لاکھ تک علاج کراسکے گا

 امراض گردہ میں مبتلا ہر مریض کیلئے ساڑھے 8 لاکھ ڈائیلسز اور ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹ وغیرہ کیلئے مختص، ڈائیلسزہر صورت جاری رکھنے کی ہدایت 
امراض قلب کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی، آلات اور میڈیسن لائی جائیں،سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی جدید ترین ٹریننگ کرائی جائے:مریم نواز

لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے''چیف منسٹر ڈائیلسزپروگرام کارڈ'' کی منظوری دے دی اور پہلی بارڈائیلسزکے ہر مریض کے علاج کے لئے فنڈز 10 لاکھ روپے تک بڑھا دیئے- امراض گردہ میں مبتلا ہر مریض کیلئے ساڑھے آٹھ لاکھ ڈائیلسزاور ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹ وغیرہ کے لئے مختص کئے جارہے ہیں-وزیراعلی مریم نوازشریف نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈائیلسز مریضوں کے مفت ٹیسٹ اور ادویات یقینی بنانے کی ہدایت کی-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مریضوں کا ڈائیلسز ہر صورت جاری رکھنے کا حکم بھی دیا-اجلاس میں پنجاب میں مزید ڈائیلسزیونٹ قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا-اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلسز سینٹر میں ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کوصوبہ بھر میں ڈائیلسز سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا گیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان میں ڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعہ پر سخت برہمی کااظہار کیا اور24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے-وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ ڈائیلسز کے مریضوں میں ایڈز پھیلنا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے۔ فنڈز نہ ہونے کے عذر پر ڈائیلسز رکنا افسوسناک ہے،جاری رہنا چاہیے۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ امراض قلب کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی آلات اور میڈیسن لائی جائیں۔ سپیشلٹ ڈاکٹرز کی جدید ترین ٹریننگ کرائی جائے اور ماسٹر ٹرینر تعینات کئے جائیں۔