امید ہے صدر ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے محسن نقوی

پاکستان ہمیشہ سے کشمیر سمیت دیگر تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے: قائم مقام امریکی  سفیر سے ملاقات میں گفتگو
خطے میں امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہیں‘  پاکستان  اہم دوست ملک ہے، تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں:  نیٹلی بیکر 
اسلام آباد(آئی  این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے امید ہے  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے، پاکستان امن کیلئے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے حوالے سے اشتراک کار پر بھی گفتگو ہوئی، علاقائی صورتحال اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران اسرائیل جنگ بندی کرانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی قیادت اور مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کے بعد ایران اسرائیل سیز فائر کے حوالے سے امریکی صدر کا متاثر کن کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا  پاکستان ہمارا اہم دوست ملک ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں