غزہ(آئی این پی )غزہ میں رہنے والے فلسطینی نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کا خاتمہ کریں۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق غزہ کے علاقے جبالیہ سے بے گھر ہونے والے ممدوح الجدبہ نے کہا کہ ہم بے گھر ہوئے، مارے گئے، ہمارے لیے کچھ بھی نہیں بچا، ہم امن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ٹرمپ کوئی حل ڈھونڈ نکالیں گے۔ جنگ کو ختم کرنے اور ہمیں بچانے کے لیے ٹرمپ جیسے مضبوط شخص کی ضرورت ہے، بہت ہو گیا۔ 60 سالہ معمر شخص نے مزید بتایا کہ میں تین بار بیگھر ہوا، میرا گھر تباہ ہو گیا۔ میرے بچے بیگھر ہیں۔ کچھ نہیں بچا، غزہ ختم ہو گیا ہے۔