الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر بھیجنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء، اپوزیشن نے معاملے پر بحث کا مطالبہ کر دیا

الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر بھیجنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء، اپوزیشن نے معاملے پر بحث کا مطالبہ کر دیا

لاہور میں اپوزیشن کے رکن پنجاب اسمبلی اعجاز شفیع نے آزاد جموں و کشمیر کو الیکٹرک بسیں فراہم کیے جانے کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرا دی، جس میں اس اقدام پر سوالات اٹھاتے ہوئے ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تحریک التواء کے متن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے آزاد کشمیر کے انتخابی جلسے میں عوام سے 10 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جبکہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انتخابات سے قبل ہی یہ بسیں آزاد کشمیر پہنچا دی گئیں۔اپوزیشن رکن نے تحریک میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ واضح کیا جائے کہ ان بسوں کی قیمت کس مد میں ادا کی گئی۔ تحریک میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ آیا یہ اخراجات وزیراعلیٰ پنجاب نے ذاتی طور پر برداشت کیے یا یہ رقم عوام کے ٹیکسوں سے ادا کی گئی۔تحریک التواء میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام کی پنجاب اسمبلی سے منظوری نہیں لی گئی، جبکہ اپوزیشن نے الزام عائد کیا ہے کہ الیکٹرک بسوں کی فراہمی سیاسی مقاصد کے لیے کی گئی۔اعجاز شفیع نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے پر پنجاب کے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، لہٰذا تحریک کو قواعد کے مطابق قابلِ بحث قرار دے کر ایوان میں اس پر تفصیلی بحث کی اجازت دی جائے۔دوسری جانب اس معاملے پر پنجاب حکومت یا وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے تحریک التواء میں عائد کیے گئے الزامات پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔