پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گرین الیکٹرک بسوں نے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے اور عوام کی جانب سے اس منصوبے کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں سے شہری حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کے علاقوں میں بھی الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا جائے۔ ان کے مطابق حکومت پنجاب کی منصوبہ بندی کے تحت صوبے کی 147 تحصیلوں تک مرحلہ وار الیکٹرک بس سروس توسیع دی جائے گی۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اس وقت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 1100 الیکٹرک بسیں شہریوں کو سفری سہولتیں فراہم کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان بسوں کے ذریعے عوام کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کارکردگی، گڈ گورننس اور میرٹ کے حوالے سے پنجاب کی حکومت دیگر صوبوں کے لیے مثال بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔