اسرائیلی فوج نے منگل کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت کم از کم 14 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ تین رہائشی مکانات بھی مسمار کر دیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نابلس کے راس العین محلے میں اسرائیلی فورسز نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین عمارتوں کا محاصرہ کیا، متعدد گھروں کی تلاشی لی اور ایک خاتون سمیت آٹھ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔صوبہ توباس کے شہر تممون میں بھی اسرائیلی فوج نے کئی گھنٹوں تک کارروائی کی، تاہم اس علاقے سے کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ادھر جنین کے قصبے الیامون میں اسرائیلی فورسز نے ایک سابق فلسطینی قیدی کو گرفتار کیا، جبکہ صوبے کے شمال مشرق میں واقع دیر غزالہ سے بھی ایک اور فلسطینی کو حراست میں لیا گیا۔
طولکرم کے جنوب میں واقع مضافاتی علاقے ارتح میں ایک فلسطینی کسٹم پولیس افسر کو گرفتار کیا گیا، جبکہ فارعون گاؤں میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کے دوران دو مزید فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے کارروائیوں کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں تین مکانات بھی مسمار کیے۔ تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے ان کارروائیوں کی وجوہات یا الزامات سے متعلق فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے