مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپے، 2 فلسطینی گرفتار

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپے، 2 فلسطینی گرفتار

 اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر کم از کم دو فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران فلسطینیوں کی املاک اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بدھ کی علی الصبح مقبوضہ مغربی کنارے کے متعدد علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع گاؤں بیت دوقو میں چھاپے کے لیے تقریباً 10 فوجی جیپیں استعمال کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی گاؤں کے مختلف علاقوں میں تعینات رہے اور متعدد گھروں کی تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران کچھ فلسطینیوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، تاہم ان افراد کی حتمی تعداد اور شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔دوسری جانب رام اللہ کے شمال مغرب میں واقع علاقے نبی صالح میں بھی اسرائیلی فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر تلاشی لی اور ایک 19 سالہ فلسطینی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

اسرائیلی فورسز نے شمالی مغربی کنارے کے شہر طوباس اور قریبی قصبے عقبہ میں بھی کارروائیاں کیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ مختلف محلوں میں اسرائیلی فوج کے انفنٹری یونٹس بھی تعینات کیے گئے۔کارروائیوں کے دوران فلسطینیوں کی بعض املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔