چین کے گویانگ لونگ ڈونگ باؤ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے فوراً بعد چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کی ایک پرواز میں مسافر کے پاور بینک میں آگ لگ گئی، تاہم کیبن کریو نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ واقعہ چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کی فلائٹ MU2421 میں پیش آیا۔ رپورٹ کے مطابق ایک مسافر کے ہینڈ کیری بیگ میں موجود پاور بینک نے اس وقت آگ پکڑ لی جب طیارہ لینڈنگ کے بعد ٹرمینل کی جانب بڑھ رہا تھا۔ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک کے مطابق واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم طیارے کے سامان رکھنے والے اوورہیڈ کمپارٹمنٹ کو دھوئیں سے معمولی نقصان پہنچا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں اوورہیڈ لگج کمپارٹمنٹ سے دھواں اور آگ کے شعلے نکلتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ فلائٹ اٹینڈنٹس فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کرتے نظر آتے ہیں۔
کیبن کریو نے مسافروں کو طیارے سے اتارنے سے پہلے ہی آگ پر مکمل قابو پا لیا، جبکہ ایئرپورٹ کے فائر فائٹرز نے بھی فوری رسپانس دیتے ہوئے احتیاطی اقدامات مکمل کیے۔ایک مسافر نے چینی میڈیا کو بتایا کہ آگ لگتے ہی طیارے کے اگلے حصے میں موجود مسافر خوفزدہ ہو گئے، چیخ و پکار شروع ہوگئی اور لوگ متاثرہ حصے سے دور ہٹ گئے۔ بروقت کارروائی کے باعث صورتحال جلد قابو میں آ گئی اور کسی بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔