جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو میں 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد حکام نے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کر دی۔
جاپانی نیشنل ریسرچ سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے بعد ممکنہ خطرے کے پیش نظر حکام نے تقریباً ایک میٹر بلند سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو فوری طور پر ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں، غیر ضروری طور پر ساحلی علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کے احکامات پر عمل کریں۔جاپانی حکام کے مطابق زلزلے سے ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصانات اور سونامی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ امدادی اور ہنگامی ادارے بھی مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوری طور پر بڑے پیمانے پر جانی یا مالی نقصان کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور مزید معلومات سامنے آنے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔