جاپان میں 6.9 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری اور پھر واپس لے لی گئی

جاپان میں 6.9 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری اور پھر واپس لے لی گئی

جاپان کے شمال مشرقی علاقے ایواٹے پریفیکچر میں اتوار کو سہ پہر 6.9 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے بعد ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔

 چند گھنٹوں بعد یہ وارننگ واپس لے لی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے 3 منٹ پر، ایواٹے کے ساحل سے 16 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ زلزلے کے فوراً بعد شام 5 بجے 12 منٹ پر سونامی ایڈوائزری جاری کی گئی۔رپورٹس کے مطابق، ایواٹے کے ساحلی شہروں کوجی اور اوفوناٹو میں تقریباً 20 سینٹی میٹر تک بلند سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔ خوش قسمتی سے، کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ محکمہ موسمیات نے رات 8 بج کر 15 منٹ پر سونامی ایڈوائزری ختم کر دی۔

زلزلے کی شدت جاپان کے 10 درجے کے زلزلہ پیمانے پر 4 ریکارڈ کی گئی، جو درمیانے درجے کے جھٹکوں میں شمار ہوتی ہے۔ سب سے زیادہ زلزلہ ایواٹے کے دارالحکومت موری اوکا، یہابا اور نزدیکی علاقے واکویہ میں محسوس کیا گیا۔ریلوے کمپنی جی آر ایسٹ کے مطابق، زلزلے کے باعث توہوکو شنکانسن بلٹ ٹرین لائن پر عارضی طور پر بجلی منقطع ہوگئی، جس کے نتیجے میں میاگی کے سینڈائی اسٹیشن سے لے کر آؤموری کے شن آؤموری اسٹیشن تک ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔