فیفا ورلڈکپ 2026 میں کیپ وردے کے فٹبالر سڈنی لوپیس کابرال کا ارجنٹینا کے خلاف کیا گیا شاندار گول ٹورنامنٹ کا بہترین گول قرار دے دیا گیا ہے۔
راؤنڈ آف 32 کے سنسنی خیز مقابلے میں کابرال نے اضافی وقت کے دوران غیرمعمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹینا کے مڈفیلڈر الیکسس میک ایلسٹر کو چکمہ دیا، پھر گیند کو خوبصورت انداز میں گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز کے اوپر سے گول پوسٹ میں پہنچا کر اسکور 2-2 سے برابر کر دیا۔اس یادگار گول نے ازبکستان کے ایلڈور شومورودوف اور ہیٹی کے ولسن اسیڈور کے شاندار گولز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 'گول آف دی ٹورنامنٹ' کا اعزاز اپنے نام کیا۔کابرال نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جب انہیں گول کرنے کا موقع ملا تو انہوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے شاٹ لینے کا فیصلہ کیا۔ ان کے بقول گیند کو ٹاپ کارنر میں جاتا دیکھ کر وہ خود بھی حیران رہ گئے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں گول کرنا ہر فٹبالر کا خواب ہوتا ہے، لیکن ارجنٹینا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اس انداز میں گول کرنا ان کی زندگی کا ناقابلِ فراموش لمحہ ہے۔
کابرال نے مزید بتایا کہ گول کی خوشی میں ان کی والدہ ٹریسا، جو اسٹیڈیم میں موجود تھیں، جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور بے ہوش ہو گئیں۔ انہوں نے میچ سے قبل وعدہ کیا تھا کہ گول کرنے کی صورت میں سب سے پہلے اپنی والدہ اور گرل فرینڈ کے پاس جائیں گے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ میچ کے بعد برازیل کے سابق اسٹار فٹبالر مارسیلو نے انہیں پیغام بھیجا اور بتایا کہ انہوں نے بھی کابرال کے اس یادگار گول کو ٹورنامنٹ کے بہترین گول کے لیے ووٹ دیا تھا۔