لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے حکومت، طبی ماہرین اور عوام کو مل کر مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ اس موذی مرض پر قابو پایا جا سکے۔
ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آج ہم سب ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ہیپاٹائٹس کی بروقت اسکریننگ اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ موبائل ہسپتالوں کے ذریعے اسکریننگ پروگرام عوام کو ان کی دہلیز پر طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جبکہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی مفت تشخیص اور علاج بغیر کسی مالی بوجھ کے یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر معیاری سرنجوں کی تیاری اور ان کے دوبارہ استعمال پر سخت پابندی عائد کی جا چکی ہے، جبکہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈیپ کلیننگ اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی بروقت ہیپاٹائٹس اسکریننگ کروائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملہ، عوام اور حکومت کی مشترکہ کوششوں سے ہیپاٹائٹس کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ آئیے، ہیپاٹائٹس سے پاک اور صحت مند پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر عزم کریں