اسلام آباد(آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک خاموش مگر سنگین مرض ہے جو بروقت تشخیص نہ ہونے، احتیاط نہ برتنے اور مناسب علاج نہ ہونے کی صورت میں انسانی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس بیماری کی مؤثر روک تھام اور بروقت تشخیص کو یقینی بنانا، معیاری علاج کی فراہمی اور عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنا حکومت کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہے۔ عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر اپنے پیغام میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی یومِ ہیپاٹائٹس منانے کا مقصد ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا، بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، محفوظ طبی طریقہ کار کو فروغ دینے، اسکریننگ میں اضافہ کرنے اور بروقت علاج کی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانے سے ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ پر مؤثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔