پاکستان امریکہ کا ایک قابل اعتماد شراکت دار بننے کے لئے پرعزم ہے: خالد مقبول صدیقی کی امریکی کانگریسی وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن ) وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے امریکی کانگریسی وفد سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلیم، تحقیق، سائبر سیکیورٹی، آئی ٹی، فن ٹیک، ایگریکلچر ٹیکنالوجی اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر نے امریکی کانگریسی وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا۔ وفد میں کانگریس مین مائیکل جیمز باؤم گارٹنر اور کانگریس مین رائن کیتھ زنکے شامل تھے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فل برائٹ پروگرام سمیت مختلف تعلیمی تبادلہ پروگراموں کو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں اہم قرار دیا اور کہا کہ اب تک 44 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ، اسکالرز اور ماہرین امریکی تعلیمی تبادلہ پروگراموں سے استفادہ کر چکے ہیں۔وفاقی وزیر نے امریکہ کے ساتھ مشترکہ تحقیقی مراکز، دوہری ڈگری پروگرامز اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرامز کے فروغ کی تجویز بھی پیش کی۔ دونوں فریقوں نے طلبہ، محققین اور ماہرین کے لیے مزید مشترکہ مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔